اترپردیش اسمبلی الیکشن میں اس مرتبہ کانگریس کی انتخابی مہم پرینکا
گاندھی کی سیاسی آندھی میں تبدیل ہونے جا رہی ہے جو پہلی مرتبہ امیٹھی اور
رائے بریلی کی حدود سے باہر نکل کر کانگریس کے لئے ایک بڑا رول ادا کرنے
جا رہی ہیں۔ پارٹی کے اعلی رہنماوں کے مطابق پرینکا گاندھی نے ریاست کے
سبھی 403 اسمبلی حلقوں میں پارٹی کے لئے انتخابی مہم چلانے سے اتفاق کر لیا
ہے۔ پردیش کانگریس کے نئے سربراہ راج ببر نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ
انتخابی اعلان کے بعد پرینکا کی مہم کا
شیڈول ان کی رائے سے مرتب کیا جائے
گا۔ پارٹی کے ایک بڑے حلقے کا خیال ہے کہ پرینکا کی کانگریس کی انتخابی مہم
میں ریاست گیر سطح پر موجودگی کا زبردست اثر پڑے گا۔ پارٹی کے نائب صدر کی رہائش گاہ پرکل ایک میٹنگ میں بھی پرینکا گاندھی کے
رول پر بات ہوئی اور ہزار پانچ سو روپے کی کرنسیوں کی تنسیخ سے پیدا
صورتحال میں اتر پردیش کی انتخابی حکمت عملی کا جائزہ لیا گیا۔ میٹنگ میں
ذرائع کے مطابق راہل گاندھی، غلام نبی آزاد اور محترمہ شیلا دکشت کے ساتھ
پرینکا گاندھی بھی موجود تھیں۔